امریکی ری پبلکن پارٹی کے ممکنہ صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر آٹو گراف لینے کے بہانے قاتلانہ حملے کی کوشش کرنے والے برطانوی نوجوان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی ری پبلکن پارٹی کے ممکنہ صدارتی  امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر آٹو گراف لینے کے بہانے قاتلانہ حملے کی کوشش کرنے والے برطانوی نوجوان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق 20 سالہ مائیکل اسٹیون سینڈ فورڈ برطانوی شہری ہے اور ویزے کی معیاد ختم ہونے کے باوجود غیر قانونی طور پر امریکہ میں مقیم ہے۔ اطلاعات کے مطابق سینڈ فورڈ نے ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی ریلی کے دوران اسٹیج کے قریب جاکر پولیس اہلکاروں سے کہا کہ وہ ٹرمپ کا آٹوگراف لینا چاہتا ہے۔ اگلے ہی لمحے سینڈ فورڈ نے ساتھ کھڑے اہلکار کی پستول چھین کر ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کی کوشش کی تاہم اسے ناکام بنادیا گیا۔ سینڈ فورڈ کے خلاف نیواڈا کی ڈسٹرکٹ عدالت میں مقدمہ درج کرلیا گیا اور عدالت نے اس کی ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ابتدائی تحقیقات مکمل ہونے تک پولیس کی حراست میں رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔