ہندوستانی سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکر نے چین کا دورہ کیا ہے جہاں اس نے نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی حمایت کیلئے چین سے حمایت مانگی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستانی سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکر نے چین کا دورہ کیا ہے جہاں اس نے نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی حمایت کیلئے چین سے حمایت مانگی ہے۔ ہندوستانی ذرائع کے مطابق نیوکلیئر سپلائرز گروپ کے فیصلہ کن اجلاس سے ایک ہفتہ قبل بھارتی سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکرنے16سے17جون تک چین کا دو روزہ خفیہ دورہ کر کے نہ صرف نیو کلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت کیلئے حمایت مانگی ہے بلکہ بھارتی سیکرٹری خارجہ نے کسی بھی ملک کے رکن بننے کی راہ میں رکاوٹ نہ ڈالنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ ذرائع کے مطابق اگرچہ امریکہ اور برطانیہ بھارت کی حمایت کررہے ہیں تاہم چین بھارت کی جانب سے این پی ٹی پر دستخط نہ کرنے کے باعث اس کی ممبرشپ کی مخالفت کررہا ہے۔ آج اتوارکو ہندوستانی وزارت خارجہ کی جانب سے اس دورے کی تصدیق کر دی ہے۔ اخبار ٹریبون کے مطابق ہندوستانی حکومت ممبرشپ کے حصول کیلئے بھرپورکوششیں کررہی ہے اور وہ اس ممبرشپ کے حصول کو اپنے لئے بیحد اہمیت کا حامل قرار دے رہی ہے۔