مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان میں عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ یہاں کانظام کسی مظلوم کوانصاف دلانےکی صلاحیت نہیں رکھتا،ساری دنیاگواہ ہےکہ کس کس نےگولیاں چلائیں، رات کےاندھیرےمیں 14افراد کو شہید کردیاگیا۔ہمارا ایک ہی مطالبہ انصاف اور قصاص ہے، ہم خون کا بدلہ خون مانگتے ہیں۔آرمی چیف فوجی عدالت کے ذریعے انصاف دلائیں، دہشت گردی کے خلاف فوجی عدالت سے انصاف مانگتے ہیں۔سانحہ ماڈل ٹاؤن کے 2 سال مکمل ہونے پر لاہور کے مال روڈ پر پاکستان عوامی تحریک نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی سربراہی میں دھرنا دیا جس میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے عقیدت مندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جب کہ دھرنے میں تحریک انصاف، پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی، مسلم لیگ (ق) سمیت اپوزیشن کی دیگر جماعتوں نے بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ تحریک انصاف کے چوہدری سرور، علیم خان، پیپلز پارٹی کے لطیف کھوسہ، (ق) لیگ کے کامل علی آغاز، عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید اور جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ دھرنے میں عوام کا ٹھاٹھے مارتا سمندر ہے، کارکنان کی ہمت اور جواں مردی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے سلام پیش کرتا ہوں، 17 جون سانحہ کے شہدا کے خاندان ان کے پسماندگان جو صبرو استقامت، جرات اور بہادری کے پہاڑ بنے رہے ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج 2 برس کے بعد پاکستان میں خون بکتا ہے، ہر روز ملک میں قتل ہوتے ہیں، ہر روز شہادتیں ہوتی ہیں، ظلم و جبر ہوتا ہے، چونکہ یہاں کا نظام کسی مظلوم کو کسی کمزور مجبور کو انصاف دلانے کی صلاحیت نہیں رکھتا، قانون کسی کمزور اور غریب کی مدد کرنے سے قاصر ہے، سب نظام طاقتور اور ظالم کے لیے ہے اس کے نتیجے میں ہر روز لاشیں گرتی ہیں لیکن لوگ دیت کے نام پر اپنے خون کو اور لاشوں کو بیچتے ہیں۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ملک میں مایوسیوں کےمارے سمجھتے ہیں کہ انصاف نہیں ملے گا، کوئی شخص ظلم و جبر کے سامنے جرات کا پہاڑ بن کر نہیں رہ سکتا، 17 جون کے ان شہدا کے خاندانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، سب غریب مزدور، محنت کش اور کمزور ہیں ان لوگوں کو 2 سالوں میں کروڑوں روپے کی دیت کے نام پر آفر کی لیکن انہوں نے ٹھکرا دی، بیرون ملکوں کی ملازمتیں آفر کی گئیں اور ان کی غیرت کو خریدنے کی کوشش کی گئی، شہیدوں کے خون کی قیمت لگانے کی کوشش کی گئی مگر انہوں نے نواز اور شہباز شریف کو کہا کہ تم اپنے بیٹوں کو کھڑا کرو ہم ان پر گولی چلائیں گے اور دیت کا پیسہ ہم سے لے لو۔
عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ شہدا کی طرح ان کے خاندان بھی عظیم ہیں جنہیں 2 سال میں فرعون کی طاقت اور قارون کا سرمایہ دونوں یکجا ہونے کے باوجود ان کی غیرت کو نہیں خریدا جاسکا، ان کا جبر ظلم کسی کو جھکا ڈرا نہیں سکا، دولت سرمایہ کسی کا ضمیر نہیں خرید سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ میں انوکھا واقعہ ہے جس تحریک میں کارکن اور شہید کے خاندان فرعون کی طاقت اور قارون کا سرمایہ مل کر نہیں خرید سکتا، حکمران اس تحریک کے سامنے کبھی کھڑے نہیں ہوسکتے، حکمرانوں نے رات کے اندھیرے میں 14 افراد شہید کیے اور کئی کو گولیوں سے زخمی کیا، بوڑھوں بچوں پر نہ صرف گولیاں برسائیں بلکہ ہڈیاں توڑیں اور بزرگوں کو زمین پر گھسیٹا گیا، اس روز کے آج بھی کئی زخمی معذور ہوچکے ہیں، کئی ہمیشہ کے لیے بے روزگار ہوچکے ہیں۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ حکمرانوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ آج کے دور میں ایسے غیرت مند بھی زندہ ہیں، میں نے اس تحریک میں ان لوگوں کو غیرت ،جرات، ایمان اور ظلم و جبر کے سامنے سینہ سپرد کھڑے ہوجانا سکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے مشہور کر رکھا ہے کہ وہ 24 گھنٹوں میں 22 گھنٹے جاگ کر کام کرتے ہیں، ہمیں اتنا پتا ہے کہ وہ سال کے 364 دنوں میں بیس بائیس گھنٹے کام کرنے والا نام نہاد وزیراعلیٰ 16 اور 17 جون کی رات اتنا سویا کہ اگلے دن تک آنکھ نہیں کھلی، انہوں نے پورے سال کی نیند کا قرضہ چکایا اور اس وقت اٹھے جب 14 لاشیں گر چکیں اور کئی کے جسم چھلنی ہوچکے تھے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ کہ 14 جون کو شہبازشریف کے حکم پر ہی سب کچھ ہورہا تھا، ہمارے قاتل اعلیٰ پولیس افسران بھی ہیں، اس قتل کے ذمہ دار وفاقی اور صوبائی حکومت کے کئی وزرا ہیں اور سب سے بڑے منصوبہ ساز شریف برادران ہیں جو اس ریاستی دہشت گردی کے ذمہ دار ہیں، ان کے حکم پر بربریت ہوئی اور پولیس نے گولیاں چلائیں کیونکہ ان کے حکم کے بغیر پولیس کو لاشیں گرانے کی جرات نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ صرف اور صرف انصاف ہے، ہمیں قصاص چاہیے اور خون کا بدلہ خون ہے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے دہشت گردی کے خلاف بہادرانہ تاریخی جنگ لڑی ہے، انہوں نے بارڈر تک دہشت گردوں سے اپنی زمین چھڑالی ہے، وہ ملکی سلامتی کی علامت ہیں، قوم کی نظریں دہشت گردی سے نجات کے لیے صرف آرمی چیف اور ان کے ادارے پر لگی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے اسلام آباد دھرنے کے دوران سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر کٹوا کر مظلوموں کی داد رسی کی اور اب وہی ہمیں فوجی عدالتوں کے ذریعے انصاف دلائیں کیونکہ اس کے علاوہ ہمیں انصاف کا کوئی راستہ نظر نہیں آتا۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت دہشت گردوں کا خاتمہ ضروری ہے اور یہ لوگ دہشت گرد اور ان کے سرپرست ہیں جب کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ واضح رہے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں پولیس اور عوامی تحریک کے کارکنان کے درمیان جھڑپوں میں 14 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے اور واقعہ کے 2 سال گزرنے کے باوجود متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم نہیں کیا جاسکا ہےجب کہ مقدمہ اب تک انسداد دہشت گردی کی عدالت میں زیرسماعت ہے۔