مہر خبررساں ایجنسی کی اردو سروس کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی کے مشیر علی اکبر ولایتی نے تہران ٹائمز کے ساتھ گفتگو میں شام کے بحران کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بشار اسد علاقہ میں اسرائیل کا سب سے بڑا دشمن ہے اور اسی وجہ سے سامراجی طاقتیں اسے تکفیری دہشت گردوں کے ذریعہ اقتدار سے ہٹانے کی تلاش و کوشش کررہی ہیں۔
ڈاکٹر ولایتی نے شام کے بارے میں مذاکرات میں ایران کی شرکت پر مبنی سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ شام کی موجودہ حکومت قانونی حکومت ہے دہشت گردوں کے علاوہ کچھ گروہ شامی حکومت کے مخالف ہیں انھیں شامی حکومت کے ساتھ بات چیت اور گفتگو کا حق ہے البتہ داعش، النصرہ اور دیگر دہشت گرد گروہوں کی مذاکرات میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ ولایتی نے کہا کہ مذاکرات میں کچھ شرائط ہیں جن میں شام کی ارضی سالمیت سرفہرست ہے۔ جبکہ امریکہ اور اس کے اتحادی، شام کو کئی حصوں میں تقسیم کرنا چاہتے ہیں تاکہ ایسے چھوٹے ملک بن جائیں جو کل اسرائیل کے لئے کوئی خطرہ نہ بن سکیں۔
ولایتی نے کہا کہ شامی عوام پر مغربی اور امریکی من پسند افراد کو مسلط کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور ہم شامی حکومت اور عوام کی اخلاقی ، سیاسی اور اسلامی طور پر مدد جاری رکھیں گے۔ انھوں نے کہا کہ بعض ممالک ایران اور شام کو جدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن انھیں اس سلسلے میں ناکامی کا سامنا ہے۔