طالبان رہنما ملا اخترمنصور کی پاکستان میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت کے بعد پاک افغان حکومتوں کے درمیان پہلا باضابطہ رابطہ ہوا ہے جس میں پاکستان میں تعینات افغان سفیر نے پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات اور گفتگو کی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ طالبان رہنما ملا اخترمنصور کی پاکستان میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت کے بعد پاک افغان حکومتوں کے درمیان پہلا باضابطہ رابطہ ہوا ہے جس میں پاکستان میں تعینات افغان سفیر نے پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات اور گفتگو کی۔  افغانستان کے سفیر عمرذخیل وال نے پاکستانی وزارت خارجہ میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کی اور ڈرون حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
 پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق افغانستان کے سفیر عمر ذخیل وال کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا تھا، دفتر خارجہ میں آدھا گھنٹہ جاری رہنے والی ملاقات میں مشیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان جاری مفاہمتی عمل کے حوالے سے بات چیت کی، ملاقات میں ڈرون حملے اور طالبان قیادت کے سربراہ کی ہلاکت کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔