افغان طالبان نے ملا منصور کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے مولوی ہیبت اللہ آخونزادہ کو افغان طالبان کا نیا سربراہ مقرر کردیا ہے۔جبکہ ملاعمر کے بیٹے ملا یعقوب اور سراج الدین حقانی نائب سربراہ ہوں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے خامہ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغان طالبان نے ملا منصور کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے مولوی ہیبت اللہ آخونزادہ کو افغان طالبان کا نیا سربراہ  مقرر کردیا ہے۔جبکہ ملاعمر کے بیٹے ملا یعقوب اور سراج الدین حقانی نائب سربراہ ہوں گے۔

اطلاعات کے مطابق ہیبت اللہ آخونزادہ طالبان کی عدالتوں کے سربراہ رہ چکے ہیں جبکہ سراج الدین حقانی سابق کمانڈر جلال الدین حقانی کے بیٹے ہیں۔

افغان خبر رساں ایجنسی ’طلوع نیوز‘ نے بھی ٹوئٹر پر طالبان کا حوالہ دیتے ہوئے ملا اختر منصور کی ہلاکت اور مولوی ہیبت اللہ اخونزادہ کو نیا طالبان سربراہ  بنائے جانے کی تصدیق کی۔

واضح  رہے کہ امریکی محکمہ دفاع نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب پاک افغان سرحدی علاقے میں ڈرون حملے میں افغان طالبان کے رہنما ملا اختر منصور ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا لیکن علاقے کی واضح نشاندہی نہیں کی گئی، جبکہ پاکستانی حکام کے مطابق ڈرون حملہ بلوچستان میں کیا، جس میں دو افراد مارے گئے جن میں سے ایک کی شناخت محمد اعظم اور دوسرے کی شناخت ولی محمد کے نام سے ہوئی۔ دونوں کے پاسپورٹ پاکستانی تھے ولی محمد ہی درحقیقت ملا اختر منصور ہیں جن کے پاس پاکستانی پاسپورٹ  تھا اور ان کے پاسپورٹ کی تصدیق کرنے والے تحصیلدار کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔