پاکستان کی سیاسی جماعت تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف مولانا فضل الرحمان اور امیر مقام کے ساتھ جگہ جگہ جلسے کر رہے ہیں لیکن یہ لوگ بھی انھیں نہیں بچا سکیں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کی سیاسی جماعت تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سوات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف مولانا فضل الرحمان  اور امیر مقام کے ساتھ جگہ جگہ جلسے کر رہے ہیں لیکن یہ لوگ بھی انھیں نہیں بچا سکیں گے۔

عمران خان نےکہا کہ پانامہ لیکس کے بعد وزیراعظم نواز شریف صاحب کو سارا ملک یاد آگیا ہے، وزیراعظم جگہ جگہ دورے کر کے سڑکوں اور ایئرپورٹس کا افتتاح کر رہے ہیں لیکن شاید انھیں پتہ نہیں کہ قومیں سڑکیں اور موٹر ویز بنانے سے نہیں بلکہ تعلیم دینے سے ترقی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف اور ان کی جماعت گزشتہ 30 سال سے پنجاب میں برسر اقتدار ہے لیکن آج تک پنجاب کا ایک ادارہ بھی ٹھیک نہیں کر سکے، پانامہ پیپرز پاکستان کی تاریخ میں ایک فیصلہ کن موڑ ہے اور قوم وزیراعظم نواز شریف سے احتساب کئے بغیر چین سے نہیں بیٹھے گی۔

عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف مولانا فضل الرحمان  اور امیر مقام کے ساتھ جگہ جگہ جلسے کر رہے ہیں لیکن یہ لوگ بھی انھیں نہیں بچا سکتے، وزیراعظم نواز شریف بجائے ہمارے سوالوں کا جواب دینے کے ہم سے سوال پوچھ رہے ہیں، ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ اگر ہماری حکومت آئی تو ہم الزام نہیں لگائیں گے بلکہ انھیں سیدھا جیل میں جانا پڑے گا۔