مہر خبررساں ایجنسی نے روسیا الیوم کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ مصری ایئر لائن کا مسافر بردار طیارہ پیرس سے قاہرہ جاتے ہوئے بحیرہ روم میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں جہاز پر سوار تمام 66 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق مصری ایئر لائن کی پرواز ایم ایس 804 نے فرانس کے دارالحکومت پیرس کے چارلس ڈی گال ہوائی اڈے سے قاہرہ کے لئے اڑٓان بھری لیکن مصر کی حدود میں داخل ہونے سے 10 میل دور ہی بحیرہ روم کے اوپر سے جہاز ریڈار سے غائب اور کنٹرول ٹاور سے اس کا رابطہ منقطع ہو گیا۔ طیارے میں عملے کے 10 ارکان سمیت 66 افراد سوار تھے جن میں 30 مصری، 15 فرانسیسی، 2 عراقی، ایک برطانوی، ایک سعودی، ایک کنیڈین، ایک الجیرین، ایک پرتگالی، ایک کویتی، ایک سوڈانی، ایک بیلجئن اور ایک چاڈ کا شہری شامل تھا۔
مصری حکام نے واقعہ کے فوری بعد طیارے کی تلاش کا کام شروع کردیا تاہم بعدازاں اس بات کی تصدیق کر دی گئی کہ طیارہ بحیرہ روم میں یونان کی سرحد کے قریب گر کر تباہ ہو گیا ہے اور لاشوں کی تلاش کا کام جاری ہے۔ مصر کے وزیراعظم انجینئر شریف اسماعیل نے طیارہ لاپتہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے جہاز کی تلاش کے لئے ہنگامی اقدامات اٹھانے کا حکم دیا تھا۔