مہر خبررساں ایجنسی نے ڈان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے دفاعی پیدوار کے مطابقسعودی عرب اس وقت پاکستانی ہتھیاروں کی درآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ سعودی عرب نے پاکستان سے لاکھوں امریکی ڈالرز کے چھوٹے اور بڑے روایتی ہتھیار خریدے ہیں۔
پاکستان آرڈیننس فیکٹری کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل (ر) عمر محمد حیات نے جمعہ کو کمیٹی کو بتایا کہ رواں مالی سال پاکستان آرڈیننس فیکٹری نے 81 ملین ڈالرز کی برآمدات کے آرڈر حاصل کیے۔ عمر محمد حیات کے مطابق سعودی عرب رواں سال پاکستان سے ہتھیار درآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک تھا۔ انہوں نے بتایا کہ پی او ایف نے حکومت کی جانب سے مالی امداد لیے بغیر رواں سال 72 نئی اقسام کے ہتھیار متعارف کروائے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ پی او ایف ایک نئی رائفل متعارف کروا رہا ہے جو کہ طویل عرصے سے موجود معروف رائفل جی -تھری کا متبادل ہو گی۔
چیئرمین پی او ایف کے مطابق پاکستان نے ایل ایس آر سنائپر رائفل کی پیدوار بھی شروع کر دی ہے اور اس کی فی یونٹ قیمت ساڑھے 6 ہزار ڈالر ہے جب کہ بیرون ملک سے درآمد کرنے پر اس کی قیمت 12 ہزار 500 ڈالرز تھی۔