مہر خبررساں ایجنسی نے سانا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ شام کے وزیر اطلاعات و نشریات عمران الزعبی نے شام کے شہر حلب میں وہابی دہشت گردوں کے وحشیانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہابی دہشت گردحلب پر حملوں میں جنگی جرائم کا ارتکاب کررہے ہیں جبکہ دہشت گردوں کو ترکی، سعودی عرب اور امیرکہ کی بھر پور حمایت حاصل ہے۔
انھوں نے کہا کہ حلب پر دہشت گردوں کے حملے ترکی اور سعودی عرب کے منصوبوں کے مطابق ہیں اور یہی وجہ ہے کہ دہشت گردوں کو ان حملوں میں ترکی اور سعودی عرب کی طرف سے بھر پور حمایت حاصل ہے۔
عمران الزعبی نے کہا کہ ترکی اور سعودی عرب پیشرفتہ ہتھیار دہشت گردوں کو فراہم کررہے ہیں اور دہشت گرد ان ہتھیاروں کو حلب کے عوام کے خلاف استعمال کررہے ہیں انھوں نے کہا کہ شہری آبادی پر دہشت گردوں کے راکٹ حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔ عمران الزعبی نے کہا کہ اگر ترکی، امریکہ، سعودی عرب اور اسرائیل دہشت گردوں کی حمایت ترک کردیں تو شام میں امن قائم ہوجائے گا۔
عمران الزعبی نےکہا کہ امریکہ نے غیر قانونی طور پر شام میں امریکی فوجیوں کو بھیج کر بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی ہے امریکی فوجی دہشت گردوں کو شام کے اندر تربیت دینے کے لئے آئے ہیں جبکہ اس سے وہ قبل ترکی میں دہشت گردوں کو تربیت دیتے رہے ہیں۔