آسٹریا کے پراسیکیوٹر نے کہا ہے کہ گزشتہ سال ہونے والے پیرس حملوں اور 2008 کے ممبئی حملوں میں ملوث پاکستانی شہری کو آسٹریا کے شہر سالزبرگ سے گرفتار کرلیا گیا ہے جس سے تفتیش کی جارہی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ آسٹریا کے پراسیکیوٹر نے کہا ہے کہ گزشتہ سال ہونے والے پیرس حملوں اور 2008 کے ممبئی حملوں میں ملوث پاکستانی شہری کو آسٹریا کے شہر سالزبرگ سے گرفتار کرلیا گیا ہے جس سے تفتیش کی جارہی ہے۔ آسٹریا کے شہر سالزبرگ کے پراسیکیوٹرز کے مطابق اس حوالے سے ملنے والی اطلاعات پر کام کیا جارہا ہے، تاہم گزشتہ سال دسمبر میں حراست میں لیے گئے پاکستانی شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔پراسیکیوٹرز کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ اگرچہ پبلک پراسیکیوٹرز آفس اس حوالے سے پاکستانی حکام کی جانب سے دسمبر 2015 سے معلومات کا منتظر ہے، لیکن اس کے باوجود گرفتار پاکستانی سے وسیع پیمانے پر تفتیش جاری ہے۔اطلاعات کے مطابق کہ زیر حراست پاکستانی شخص کو وہابی دہشت گرد اورکالعدم تنظیم  لشکر طیبہ اور لشکر جھنگوی کے لیے بم بنانے والا شخص خیال کیا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ ہندوستان نے 2008 کے ممبئی حملے کا ذمہ دار لشکر طیبہ کو ٹھہرایا تھا، جس کے نتیجے میں 166 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

34 سالہ پاکستانی شخص کو ایک الجیرین شہری کے ہمراہ گذشتہ برس دسمبر میں آسٹریا میں حراست میں لیا گیا تھا۔

فرانسیسی تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ پیرس بم حملوں اور برسلز دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرنے والی وہابی دہشت گرد  تنظیم داعش نے دونوں افراد کو حملوں کے لیے یورپ بھیجا تھا۔

آسٹرین حکام نے فروری میں کہا تھا کہ ان کے خیال میں دونوں افراد، 200 مہاجرین کو یونان لانے والی کشتی میں ہی سوار تھے۔