مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی اور ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان ، ہندوستان اور افغانستان میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے ہیں ہندوستان میں زلزلہ کی شدت 4.1 ریکارڈ کی گئی ہےجبکہ پاکستان میں شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی۔ اطلاعات کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان میں کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا جبکہ اس کی گہرائی 280 کلو میٹر زیرزمین تھی ۔ پاکستان میں خیبرپختونخواہ ، شمالی علاقہ جات، فاٹا ، آزادکشمیر، وفاقی دارالحکومت اور پنجاب کے بیشترعلاقوں میں جھٹکے محسوس کیے گئے ۔
مقامی میڈیا کے مطابق لاہور، پشاور، اسلام آباد، چترال ، گلگت ، باغ ، چکوال ، دینہ ،مری ، میانوالی ، بنوں ، سوات ،چترال ، ایبٹ آباد، مانسہرہ ، کوہستان ، آزاد کشمیر، راولپنڈی ، ایبٹ آباد، چنیوٹ، اٹک ، سیالکوٹ، کالاباغ، گوجرانوالہ سمیت ملک کے بیشتر علاقوں 15سے 40سیکنڈ تک زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر ، نئی دہلی اور کابل میں بھی محسوس کیے گئے ۔ ابتدائی طورپر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق پاکستان کے دارالحکومت اسلام آـاد کے ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسلام آباد کے ہسپتالوں میں ہنگامی صورتحال نافذ کی گئی ہے، البتہ اسلام آباد سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی ، مختلف ریاستوں پنجاب، ہریانہ ، کشمیرسمیت دیگر علاقوں میں لوگ عمارتوں سے باہر نکل آئے۔پاکستان کے ساتھ افغانستان کے سرحدی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔