مصری ایئرلائن کا مسافر طیارہ اغوا کرنے والے ہائی جیکر نے قبرص کی حکومت سے سیاسی پناہ کا مطالبہ کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے مصری الیوم کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ مصری ایئرلائن کا مسافر طیارہ اغوا کرنے والے ہائی جیکر نے قبرص کی حکومت سے سیاسی پناہ کا مطالبہ کردیا ہے۔  مصری سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ سرکاری ہوائی کمپنی کا طیارہ عملے سمیت 81 مسافروں کو لے کر اسکنریہ سے دارالحکومت قاہرہ آرہا تھا کہ اس میں ایک شخص نے کپتان کو دھماکہ خیز مواد سے بھری بیلٹ کو اڑانے کی دھمکی دے کر اس کا رخ موڑنے کا حکم دے دیا۔ جس کے بعد ہائی جیکر نے طیارہ قبرص کے شہر لارناکا کے ہوائی اڈے پر اتروادیا۔ قبرص کےسرکاری ٹی وی کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ پر لینڈ کرنے کے بعد ہائی جیکر نے عملے اور 4 غیر ملکیوں کے علاوہ تمام مسافروں کو چھوڑ دیا ۔ لارناکا ایئرپورٹ پر تعینات عملے نے فضائی آمدورفت معطل کردی ہے جب کہ طیارے کے ارد گرد بڑی تعداد میں ایمبولینسوں اور آگ بجھانے کی گاڑیاں موجود ہیں جب کہ ہائی جیکر نے قبرص کی حکومت سے سیاسی پناہ کا مطالبہ کردیا ہے۔