مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس نیوز کےحوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے شہر کراچي کی پولیس اور حساس اداروں نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران وہابی دہشت گرد اور کالعدم لشکر جھنگوی کے دہشت گردوں سمیت 13 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔اطلاعات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد میں پولیس اور حساس ادارے نے کارروائی کی جہاں سے کالعدم وہابی دہشت گرد تنظیم لشکر جھنگوی کے 10 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کےمطابق گرفتار ہونے والے دہشت گرد سابق صدرمشرف پر حملے کی منصوبہ بندی اور پی ایس او کے ڈائریکٹر شوکت رضا مرزا کے قتل میں بھی ملوث تھے جب کہ ملزمان پولیس، رینجرز، وکلا اور فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ سمیت امام بارگاہوں پر دھماکوں میں بھی ملوث ہیں۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق مفتی شاہد گروپ اور کالعدم وہابی دہشت گرد تنظیم لشکر جھنگوی سے ہے جن کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا ہے جن میں 2 کلاشنکوف، 4 ٹی ٹی پستول، بارودی مواد، ڈیٹو نیٹر، 4 دستی بم اور بھاری تعداد میں گولیاں بھی شامل ہیں۔ادھر کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ نے بھی منگھوپیر سے 3 وہابی دہشت گرد گرفتار کرلیے جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گردوں میں عثمان نعیم، محمد عمیر اور امام الدین عرف معاویہ شامل ہیں اور ان کا تعلق کمانڈر فہد گروپ سے ہے۔سی ٹی ڈی انچارج کے مطابق ملزم عمیر نے نجی یونیورسٹی سے انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی اور کالعدم تنظیم کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی پر کام کررہا تھا، ملزم عثمان کالعدم تنظیموں کو اسلحہ فراہم کرتا تھا جب کہ تیسرا ملزم امام الدین عرف معاویہ اشتعال انگیز لیٹریچر اورمواد کی تقسیم میں ملوث ہے۔
اجراء کی تاریخ: 23 مارچ 2016 - 00:25
پاکستان کے شہر کراچي کی پولیس اور حساس اداروں نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران وہابی دہشت گرد اور کالعدم لشکر جھنگوی کے دہشت گردوں سمیت 13 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔