بیلجئم کے دارالحکومت برسلزکے ایئرپورٹ اور میٹرو اسٹیشن پر 4 بم دھماکوں میں 27 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بیلجئم کے دارالحکومت برسلزکے ایئرپورٹ اور میٹرو اسٹیشن پر 4 بم دھماکوں میں 27 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق بیلجئم کے دارالحکومت برسلز کے زیوینٹم ائیرپورٹ پر 2 زورداردھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے جب کہ ایئرپورٹ دھماکوں کے آدھے گھنٹے بعد یورپی یونین انسٹی ٹیوشن کے قریب میٹرومال بیک اسٹیشن پر بھی یکے بعدیگرے زور دار 2 دھماکے ہوئے جس میں 10 افراد ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دھماکوں کے بعد ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے تمام میٹرواسٹیشن اور فضائی آپریشن بند کردیئے گئے۔

حکام کے مطابق برسلز کے زیوینٹم ایئرپورٹ پر دونوں دھماکے ڈیپارچر ہال میں ہوئے جس کے بعد بھگدڑ مچ گئی، دھماکوں کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے جب کہ ایئرپورٹ پر مزید بموں کی موجودگی کی اطلاعات ہیں جس کے بعد فلائٹ آپریشن بھی معطل کردیا گیا ہے۔ دھماکوں کے بعد سیکیورٹی فورسزکی بھاری نفری ائیرپورٹ پہنچ گئی اوروہاں موجود افراد کو نکالنے کا عمل شروع کردیا گیا جب کہ امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کرنا شروع کردیا۔