پاکستانی کی قومی ایئرلائن کا طیارہ فضا میں ایک اور غیرملکی پرواز کے سامنے آگیا تاہم دونوں طیاروں کے پائلٹس نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیکڑوں مسافروں کی جانیں بچالیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس نیوز کےحوالے سے نقل کیا ہے کہ  پاکستانی کی قومی ایئرلائن کا طیارہ فضا میں ایک اور غیرملکی پرواز کے سامنے آگیا تاہم دونوں طیاروں کے پائلٹس نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیکڑوں مسافروں کی جانیں بچالیں۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان ائیر لائن کی پرواز پی کے 247 سیالکوٹ سے دمام جارہی تھی کہ ایران کی فضائی حدود میں 38 ہزار فٹ کی بلندی پر طیارہ مخالف سمت سے آنے والے عمان ایئر لائن کے طیارے کے سامنے آگیا۔ دونوں طیاروں کے پائلٹس نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیاروں کا رخ موڑکر سیکڑوں مسافروں کی جانیں بچالیں۔

پاکستانی قومی ائیر لائن کے ذرائع کے مطابق ایرانی حکام کو پی آئی اے کی پرواز کا فلائٹ روٹ بروقت فراہم نہ کرنے کی وجہ سے واقعہ پیش آیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ سول ایوی ایشن کی غفلت کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں اگر آلات خراب ہوتے تو واقعہ حادثے کی صورت میں بدل سکتا تھا۔ طیاروں کے آمنے سامنے آنے پر تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے ۔

ادھر ترجمان سول ایوی ایشن نے واقعے کی تردید یا تصدیق سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کے حوالے سے ایرانی حکام سے رابطہ کرلیا گیا ہے۔ جہاں سے صورت حال واضح ہونے کے بعد موقف بیان کیا جائے گا۔