روس کے صدر ولادیمیر پوتین اور ایران کے صدر حسن روحانی نے ٹیلیفون پر شام میں جنگ بندی کے بارے میں گفتگو اور تبادلہ خیال کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس کے صدر ولادیمیر پوتین اور ایران کے صدر حسن روحانی نے ٹیلیفون پر شام میں جنگ بندی کے بارے میں گفتگو اور تبادلہ خیال کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے  شام کے تنازعہ کو حل کرنے کے لیے مل کر کام کرنے پر رضامندی ظاہرکی اور داعش کے خلاف جنگ میں بھی ایک دوسرے کا ساتھ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ایرانی صدر نے شام میں جنگ بندی کو انسان دوستانہ اقدام قراردیتے ہوئے کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلہ کا راہ حل نہیں اور ایران پہلے سے ہی شام کے بحران کو سیاسی مذاکرات سے حل کرنے کا خواہاں تھا  ایرانی صدر نے کہا کہ ایران جنگ بندی کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون پیش کرنے کے لئے تیار ہے اور شامی عوام کے آلام و مصائب کو دور کرنے میں بھر پور تعاون پیش کرنے کے لئے آمادہ ہے۔ اس گفتگو میں روسی صدر ولادیمیر پوتین نے بھی شام کے بارے میں ایران کے تعمیری مؤقف کی تعریف کرتے ہوئے باہمی تعاون پر تاکید کی۔ روسی صدر نے کہا کہ داعش اور النصرہ  دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رہےگی ۔