چین سے روانہ ہونے والی پہلی مال گاڑی 10399 کلومیٹر کا طویل سفر طے کرنے کے بعد گزشتہ روز ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئی۔

مہر خبررساں ایجنسی  کی رپورٹ کے مطابق چین سے روانہ ہونے والی پہلی مال گاڑی 10399 کلومیٹر کا طویل سفر طے کرنے کے بعد گزشتہ روز ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئی۔ یہ مال گاڑی مشرقی چین کے صوبے یی جیانگ سے 28 جنوری کو روانہ ہوئی تھی اور چین سے قزاقستان اور ترکمنستان کے راستے ایران پہنچی۔ ایرانی ریلوے حکام کی طرف سے چین سے آنے والی مال گاڑی کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر ایرانی حکام کے مطابق یہ ریل روٹ صدیوں پرانی شاہراہ ریشم کی جدید شکل ثابت ہوگا اور اسے چینی اور ایرانی تہذیب کے درمیان ایک نیا رابطہ بھی قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ چین سے براستہ سمندر ایرانی ساحل پر پہنچنے میں ڈیڑھ ماہ سے بھی زائد وقت درکار ہوتا ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا تھا کہ چین سے ایران آنے والی ریل گاڑی نے اس سفر میں تقریباً ایک ماہ کی کمی کردی ہے ۔ چین اور ایران کے اس ریل رابطے کو مستقبل میں مزید بڑھا کر یورپ تک پھیلانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد چین سے شرع ہونے والا ریلوے روٹ مشرق وسطیٰ اور ایران کے راستے یورپ تک پہنچنے والا دنیا کا طویل ترین ریل روٹ بن جائے گا۔