بھارت اور فرانس کے درمیان دفاع، انفرا اسٹرکچر اور معیشت سمیت 13 معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں جن میں 36 رافیل جنگی طیاروں کی خریداری بھی شامل ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارت اور فرانس کے درمیان دفاع، انفرا اسٹرکچر اور معیشت سمیت 13 معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں جن میں 36 رافیل جنگی طیاروں کی خریداری بھی شامل ہے۔ اطلاعات کے مطابق فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے دفاع، انفرااسٹرکچر اور گرین اکانومی سمیت 13 مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کئے ہیں۔ جن معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں ان میں فرانس سے 36 رافیل جنگی طیارے کی خریداری بھی شامل ہے۔ نریندر مودی کا اس موقع پر فرانسیسی صدر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دونوں ممالک کئی برسوں سے بہت سے شعبوں میں ایک دوسرے کے شراکت دار ہیں اور جلد ہی دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدوں کے تخمینے کے معاملات بھی طے ہو جائیں گے۔اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے ہیں جس کے تحت فرانسیسی کمپنیاں اگلے 5 برسوں میں بھارت میں فلم انڈسٹری پر 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گی۔