آسٹریلوی پولیس نے دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے الزام میں 2 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ آسٹریلوی پولیس نے دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے الزام میں 2 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ آسٹریلوی ریاست نیو ساؤتھ ویلز کی پولیس نے سڈنی سے 15 اور 20 برس کے 2 نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔ ان افراد پر ملک میں دہشت گردی کی کارروائی کی تیاری کی سازش کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ نیوساؤتھ ویلز پولیس کا کہنا ہے کہ حالیہ گرفتاریوں کا تعلق دہشت گردی کے کسی نئے منصوبے سے نہیں ہے بلکہ گزشتہ برس کی گئی ایک کارروائی سے ہی ہے۔ نیو ساؤتھ ویلز پولیس کی آفیسر کیتھرین برن نے کہا کہ گرفتار کیا گیا 15 سالہ لڑکا ذہن طور پر مکمل شدت پسند ہوچکا ہے، ہمارے لئے یہ بہت تکلیف دہ ہے کہ ہمیں نوجوان بچوں کے ساتھ اس طرح پیش آنا پڑ رہا ہے۔ 15 برس کے بچّے کو ایسے سنگین جرم کے لیے عدالت کے سامنے پیش کرنا، جس کی سزا عمر قید ہوسکتی ہے، ظاہر کرتا ہے کہ قانون نافذ کرنے والوں کو کن مشکلات کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس آسٹریلیا میں انٹیلی جنس رپورٹ کی بنیاد پر ایپل بائی نامی آپریشن کیا گيا تھا جس کے تحت دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں 16 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا جن میں سے 11 اب فرد جرم بھی عائد کی جاچکی ہے۔