مہر خبررساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کے صدور نے تہران اور ماسکو کے درمیان تعلقات کے فروغ اور استحکام پر تاکید کی ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے پیر کی رات تہران میں روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ ملاقات میں دونوں ملکوں کے اچھے اور دوستانہ تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ مہینوں کے دوران، دو طرفہ اور بین الاقوامی سطح پر ایران اور روس کے تعلقات میں فروغ کے تعلق سے اہم قدم اٹھائے گئے ہیں اور یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہنا چاہئے۔ ڈاکٹر روحانی نے کہا کہ ایران اور روس بہت سے اہم علاقائی اور بین الاقوامی مسائل میں، مشترکہ نقطہ ہائے نگاہ رکھتے ہیں- انہوں نے دہشت گردی سے مقابلے کے سلسلے میں کہا کہ ایران دہشت گردی سے مقابلے کے عظیم مقصد میں سنجیدہ ہے اور روس نے بھی گذشتہ مہینوں میں خاص طور پر علاقے میں دہشت گردی سے مقابلے کے حوالے سے موثر اقدامات انجام دیے ہیں- روسی صدر و لادیمیر پوتن نے بھی اس ملاقات میں گیس برآمد کرنے والے ملکوں کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی غرض سے انہیں دعوت دیے جانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجلاس توانائی کے سلسلے میں گفتگو کے علاوہ، ملکوں کے سربراہوں کی ملاقات اور اہم مسائل کے بارے میں تبادلۂ خیال کے لئے بھی مناسب موقع تھا- پوتن نے مختلف شعبوں میں ایران اور روس کے درمیان ہمہ جانبہ تعلقات کے فروغ کی ضرورت کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان موجود گنجائشوں اور صلاحیتوں نیز مواقع سے استفادے پر تاکید کی- روسی صدر نے رہبر انقلاب اسلامی سے اپنی اہم ملاقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ روس ایران کے ساتھ دہشت گردی سے مقابلے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون نیز بین الاقوامی، سائنسی، فنی اور اقتصادی تعاون میں فروغ کا خیر مقدم کرتا ہے-
اجراء کی تاریخ: 24 نومبر 2015 - 16:27
اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کے صدور نے تہران اور ماسکو کے درمیان تعلقات کے فروغ اور استحکام پر تاکید کی ہے۔