شام کے علاقے رقّا میں امریکی ڈرون حملے میں مطلوب برطانوی شدت پسند جان مارا گیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے عرب ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ شام کے علاقے رقّا میں امریکی ڈرون حملے میں مطلوب برطانوی شدت پسند جان مارا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جمعے کو جاری ہونے والے بیان میں امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے پریس سیکریٹری پیٹر کک نے بتایا کہ شدت پسند جان کو شام کے علاقے رقّا میں اس وقت نشانہ بنایا گیاجب وہ ایک کا ر پر سوار تھے۔ پینٹا گون کے مطابق امریکی فضائیہ نے جہادی جان‘ کے نام سے معروف برطانوی شدت پسند محمد ایموازی کو شام میں نام نہاد دولت اسلامیہ کے دارالحکومت رقامیں نشانہ بنایا ہے۔تاہم حکام نے بتایا ہے کہ ابھی جمعرات کو کی جانے والی اس کارروائی کے نتائج کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اور جب بھی مناسب ہوا اضافی معلومات سے آگاہ کیا جائے گا۔ مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ ایموازی ان ویڈیوز میں موجود تھے جن میں امریکی صحافی سٹیون سوتلوف اورجیمز فولی، برطانیہ امدادی کارکن ڈیوڈ ہینز اور ایلن ہیننگ، امریکی امدادی کارکن عبدالرحمٰن کیسگ اور بہت سے دیگر مغویوں کو ہلاک کیا گیا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ محمد ایموازی سنہ 2006 میں صومالیہ گئے اور مبینہ طور پر ان کا تعلق شدت پسند تنظیم الشباب سے رہا ہے۔