بھارتی اور برطانیہ کے وزیراعظم نے دونوں ملکوں کی کمپنیوں کے درمیان 13ارب ڈالر کے منصوبوں کا اعلان کر دیاہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے برطانوی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارتی اور برطانیہ کے وزیراعظم نے دونوں ملکوں کی کمپنیوں کے درمیان 13ارب ڈالر کے منصوبوں کا اعلان کر دیاہے۔ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہناتھا کہ برطانیہ کے ساتھ بھارت کے تعلقات بہت اہم ہیں ،بھارت اور برطانیہ دو مضبوط معیشت اور جدید معاشرے ہیں۔ اس موقع پربرطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی کا دورہ دونوں ممالک کے لیے ترقی کا اہم موقع ہے،یہ دونوں ممالک کے لیے موقع ہے کہ وہ اِس دور کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کریں، دونوں ملک تاریخ، عوام اور روایات کے ذریعے سے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور میرا عزم ہے کہ اِس موقعے کو دونوں ہاتھوں سے تھام لیں۔ دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وہ معیشت، دفاع، جوہری توانائی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے معاملات پر تعاون کریں گے۔