مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی نے العالم کے ساتھ گفتگو میں دزفول میں فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کی سعودی عرب کی طرف سے مالی حمایت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب ، ایران کے خلاف شرارت سے باز آجائے ورنہ اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
شمخانی نے کہا کہ سعودی عرب دہشت گردوں کو ایران کے اندر دہشت گردانہ کارروائیوں کے لئے مالی امداد فراہم کررہا ہے دزفول میں مذہبی مجلس پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 2 افراد شہید ہوگئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں ایران نے ان دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے جنھیں سعودی عرب مالی امداد فراہم کررہا تھا۔
انھوں نے کہا کہ سعودی عرب علاقائی ممالک میں دہشت گردوں کے ذریعہ عدم استحکام پیدا کررہا ہے سعودی عرب کی شام، عراق اور یمن میں مداخلت واضح ہے سعودی عرب یمن میں نہتے عربوں کا امریکہ و اسرائیل کے ساتھ ملکر قتل عام کررہا ہے۔
شمخانی نے کہا کہ سعودی عرب بغیر کسی دلیل کے ایران کے خلاف گھاؤنی سازشوں میں ملوث ہے عربوں کو ایران کے خلاف اکسانے کی ناکام کوشش کررہا ہے ایران اور عربوں کے تاریخی ، ثقافتی اور مذہبی روابط ہیں ۔ جنھیں سعودی عرب مخدوش بنانے کی ناکام کوشش کررہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ شام کی قسمت کا فیصلہ شامی عوام اور حکومت کے ہاتھ میں ہے سعودی عرب اور مغربی ممالک شام میں بشار اسد کی حکومت کو گرانے میں ناکام ہوگئے ہیں اور شام کے بارے میں ایران اور روس کا نقطہ نظر مشترک ہے۔