اجراء کی تاریخ: 10 نومبر 2015 - 14:05

امریکہ کے صدر باراک اوبامہ نے فلسطینیوں کی جانب سے اسرائیلیوں پر حملوں کی مذمت اور فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کا دفاع امریکہ کی اولین ترجیح ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے النشرہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ کے صدر باراک اوبامہ نے فلسطینیوں کی جانب سے اسرائیلیوں پر حملوں کی مذمت اور فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کا دفاع امریکہ کی اولین ترجیح ہے۔ اسرائیل اور فلسطینوں کے درمیان کشیدگی کے پیش نظر واشنگٹن میں اسرائیل کے وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو نے امریکی صدر باراک اوباما سے ملاقات کی ۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان 13 ماہ کے بعد یہ ملاقات ایسے وقت پر ہو رہی ہے جب فلسطینوں کی جانب سے اسرائیلیوں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اتوار کو تین مختلف واقعات میں چھ اسرائیلی زخمی ہو گئے تھے اور ایک حملہ آور فلسطینی کو شہید کر دیا گیا جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔اس ملاقات کے دوران امریکہ اور اسرائیل کے درمیان 30 ارب ڈالر کے دفاعی معاہدے طے پائے ہیں۔ امریکی صدر اوبامہ سے ملاقات کے دوران اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو نے امریکہ کی جانب سے اسرائیل کو دی جانے والی فوجی امداد بڑھانے کے لیے کہا ہے، جو تین ارب ڈالر سے بڑھا کر پانچ ارب ڈالر سالانہ تک کی جا سکتی ہے۔ عرب ذرائع کے مطابق امریکہ فلسطینیوں پر اسراغيلی مظالم کی حمایت کرتا ہے اور امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک فلسطینیوں پر ہونے والے اسراغیلی جرائم میں برابر کے شریک ہیں۔