بھارت روس سے اربوں ڈالر کے دفاعی سازوسامان کی خریداری کے منصوبوں کو حتمی شکل دے رہا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارت روس سے اربوں ڈالر کے دفاعی سازوسامان کی خریداری کے منصوبوں کو حتمی شکل دے رہا ہے۔ ان منصوبوں میں جوہری آب دوز،10 دفاعی میزائل سسٹم ایس400، دو سو ہیلی کاپٹر اور127سخوئی جنگی جہازوں کی خریداری شامل ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندرسنگھ مودی اور روسی صدر پیوٹن کی دسمبر میں ملاقات سے قبل اس وقت بھارتی وزیر دفاع ماسکو میں ان منصوبوں کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں۔ بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارتی وزیر دفاع منوہر پریکر نے ماسکو میں اپنے روسی ہم منصب سرگئی شوئیگوکے ساتھ دفاعی سازوسامان کے حصول سمیت کئی عسکری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ بھارت روس کے ساتھ دس ایس 400 سسٹم کی خریداری کو حتمی شکل دے رہا ہے جو حریف کے جنگی طیاروں، اسٹیلتھ فائٹرز، میزائلز اور ڈرونز کو چار سو کلومیٹر کی دوری تک نشانہ بناسکتا ہے۔ حکومتی سطح پر مذاکرات کے ذریعے اس معاہدے کی قیمت کا فیصلہ کیا جائے گا جو تقریباً پانچ ارب ڈالر سے تجاوز کرسکتا ہے۔ یہ روس کے ساتھ اب تک ہونے والے والے سب سے بڑے دفاعی معاہدوں میں سے ایک ہے۔ ایس 400 سسٹم سے بھارت اپنی فضائی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا چاہتا ہے۔ علاوہ ازیں مودی حکومت آئندہ مالی سال سے "میک ان انڈیا" پالیسی کے تحت ایک ارب ڈالر کے ہیلی کاپٹرز کی تیاری کے منصوبے کو شروع کرنا چاہتی ہے جس کے تحت تقریباً دو سو روسی کاموف کے اے226ٹی ہیلی کاپٹر تیار کیے جائیں گے۔