مصر کے شہر العریش میں پولیس کلب کے باہر دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے عرب ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ مصر کے شہر العریش میں پولیس کلب کے باہر دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ مصر کے صحرائی علاقے سینائی کے شہر العریش میں واقع پولیس کلب کے باہر کھڑی گاڑی میں دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے، ہلاک ہونے والوں میں 3 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ مصر کے سرکاری حکام نے بم دھماکے میں 3 پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ اب تک کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ واضح رہے کہ سینائی میں ہی چند روز قبل روس کا مسافر طیارہ تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 224 مسافر ہلاک ہوگئے تھے۔