اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے پاکستان اور افغانستان میں زلزلے سے ہونے والے نقصان پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے پاکستان اور افغانستان میں زلزلے سے ہونے والے نقصان پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس زلزلے میں زخمی ہونے والوں کے لیے جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ بان کی مون پاکستان اور اافغانستان میں آنے والے زلزلے پر امداد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی قسم کی بھی مدد مانگی گئی تو اقوام متحدہ پاکستان افغانستان میں امدادی کارروائیوں کے لیے تیار ہے۔ واضح رہے کہ پیر کے روز پاکستان کے مختلف علاقوں میں 7.5 شدت کے زلزلہ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 220  سے زائد ہوگئی ہے جبکہ 1000 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ادھر شمال مشرقی افغانستان میں شدید زلزلے کے نتیجے میں سکول کی 12 بچیوں سمیت کم از کم 63 افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ بچیاں پیر کو دور دراز ٹاکھر صوبے کے مرکزی شہر تعلقان میں زلزلے سے سکول میں مچنے والی بھگدڑ میں ہلاک ہوئیں۔ افغانستان کے چیف ایکزیکٹو عبداللہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ ابتدائی رپورٹس کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل سمیت کنڑ، نگر ہار، تخار، بدخشاں اور دیگر علاقوں میں بڑا جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔