اسلامی جمہوریہ ایران نے پاکستان، افغانستان اور ہندوستان میں زلزلے سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر افسوس اور تینوں ملکوں کی حکومتوں اور عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران نے پاکستان، افغانستان اور ہندوستان میں زلزلے سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر افسوس اور تینوں ملکوں کی حکومتوں اور عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے اپنے ایک بیان میں پاکستان، افغانستان اور ہندوستان میں شدید زلزلے میں ہونے والے جانی نقصانات پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے دوست اور برادر ملکوں کےعوام کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی ہلال احمر سوسائٹی زلزلےسے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں حصے لینے اور ضروری سازوسامان ارسال کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ اللہ تعالی زلزلے میں زخمی ہونے والوں کو جلد از جلد شفا اور مرنے والوں کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔