ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے سرکردہ سعودی عالم دین اور سیاسی رہنما آیت اللہ نمرباقر النمر کی سزائے موت پر عملدرآمد کی بابت سخت خبر دار کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے سرکردہ سعودی عالم دین اور سیاسی رہنما آیت اللہ نمرباقر النمر کی سزائے موت پر عملدرآمد کی بابت سخت خبر دار کیا ہے۔ آیت اللہ نمر باقر النمر کی سزائے موت کے توثیق سے متعلق خبروں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے حسین امیرعبداللہیان نے کہا ہے کہ سعودی حکومت کو اس فیصلے پر عملدآمد کے سنگین نتائج بھگتنے پڑیں گے۔ انہوں نے کہا سعودی حکومت نے تاحال سانحہ منی میں ہزاروں شیعہ اور سنی مسلمانوں کی شہادت کے واقعے کا کوئی تشفی بخش جواب نہیں دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ منی اور یمن کے مظلوم عوام کے خلاف سعودی عرب کی ناکام جارحیت نے ثابت کردیا ہے کہ اس ملک کی صورتحال مناسب نہیں ہے اور اپنے شہریوں کے خلاف اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ سوچ کے سعودی حکومت کے حق میں اچھے نتائج برآمد نہیں ہوں گے۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے سعودی حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے ملک کے عوام اور علاقے کے ملکوں کے خلاف مہم جوئی کا سسلسلہ بند کردے اور دانشمندی سے کام لیتے ہوئے انصاف کے راستے پر قدم آگے بڑھائے۔