مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر جیکب آباد میں امام بارگاہ کے قریب ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکے میں خواتین اور چار بچوں سمیت کم سے کم 22 عزادار شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ دھماکہ جیکب آباد کے لاشاری محلے میں نو محرم کے جلوس میں ہوا۔ نویں محرم الرام کا جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا منزل کی جانب رواں دواں تھا کہ خودکش بمبار نے عزاداروں اور جلوس کے شرکاء کو اپنا نشانہ بنا ڈالا۔ ڈی جی ہیلتھ سروسز سندھ ڈاکٹر حسن مراد شاہ نے کہا کہ جیکب آباد ضلع کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ اردگرد کے اضلاع سے بھی ایمبولینسز کو طلب کر لیا گیا ہے۔ پولیس اور ریسکیو اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں جبکہ زخمیوں کو سول اسپتال اور امام میڈیکل سینٹر جیکب آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ دھماکے کے بعد سندھ بلوچستان سرحد کو سیل جبکہ رینجرز اور پولیس کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز بلوچستان کے ضلع بولان میں ایک امام بارگاہ کے باہر مبینہ خودکش حملے میں کم از کم 10 افراد شہید ہوئے تھے۔
اجراء کی تاریخ: 24 اکتوبر 2015 - 06:51
پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر جیکب آباد میں امام بارگاہ کے قریب ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکے میں خواتین اور چار بچوں سمیت کم سے کم 22 عزادار شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔