امریکی صدر باراک اوبامہ نے افغانستان کے شہر قندوز کے اسپتال پر ہونے والے فضائی حملے پر ڈاکٹروں کی عالمی غیر سرحدی تنظیم سے معافی مانگ لی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدر باراک اوبامہ نے افغانستان کے شہر قندوز کے اسپتال پر ہونے والے فضائی حملے پر ڈاکٹروں کی عالمی غیر سرحدی تنظیم سے معافی مانگ لی۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان جاش ارنسٹ نے پریس بریفنگ میں صحافیوں کو بتاکانفرن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر باراک اوبامہ نے قندوز کے اسپتال پر امریکی فضائی حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹروں کی  غیر سرحدی عالمی فلاحی تنظیم سے معافی مانگ لی ہے۔ امریکی صدر نے ڈاکٹروں کی غیر سرحدی تنظیم کے سربراہ جواین لیو کو فون  کیا اور ان سے فضائی بمباری میں اسپتال کے عملے اور مریضوں کی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کی جامع اور شفاف تحقیقات کا یقین دلایا۔ صدر اوبامہ کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر ایسی اصلاحات کا بھی نفاذ کیا جائے گا جس سے آئندہ اس قسم کے واقعات سے بچا جاسکے۔وائٹ ہاؤس کے مطابق باراک اوبامہ نے افغان ہم منصب اشرف غنی کو بھی فون کیا اور ان سے قندوز واقعے میں معصوم افراد کی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے افغانستان کے شمالی شہر قندوز کے ایک اسپتال میں امریکی طیاروں نے آدھے گھنٹے تک بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں اسپتال کے طبی عملے سمیت سیکڑوں افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے تھے۔ڈاکٹروں کی غیر سرحدی تنظیم کے ایک اہلکار کے مطابق انہوں نے قندوز میں حملے سے قبل امریکی اوراتحادی فوجوں کو مطلع کردیا تھا کہ یہاں ایک عالمی اسپتال بھی موجود ہے تاہم اس کے باوجود امریکی طیاروں نے نہ صرف اسپتال پر بمباری کی بلکہ 30 منٹ تک اسپتال پر بم برساتے رہے جب کہ امریکی فوج کا مؤقف تھا کہ یہ حملہ غلطی سے کیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد ایم ایس ایف نے اپنے عملے کو  واپس بلاتے ہوئے آزدانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔