اجراء کی تاریخ: 29 ستمبر 2015 - 14:45

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی منی کے المناک واقعہ کے بعد نیویارک کا دورہ مختصر کرکے تہران پہنچ گئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی منی کے المناک واقعہ کے بعد نیویارک کا دورہ مختصر کرکے تہران پہنچ گئے ہیں۔ تہران میں نائب صدر جہانگیری اور رہبر معظم کے بین الاقوامی امور کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے استقبال کیا۔ صدر حسن روحانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 70 ویں اجلاس سے خطاب میں منی کے المناک واقعہ کا ذمہ دار سعودی عرب کو قراردیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک کی علاقہ میں خطرناک اور غلط  پالیسیوں کی وجہ سے دہشت گردی کو فروغ ملا ہے اور اب امریکہ کو علاقہ میں اپنے اتحادی ممالک کی اور اپنی خطرناک اور غلط پالیسیوں کو ختم کردینا چاہیے۔صدر حسن روحانی نے کہا کہ سعودی حکام کو چاہیے کہ وہ حقائق پر پردہ ڈالنے کے بجائے سچائی کو عوام کے سامنے پیش کریں اور اپنی کوتاہی و لاپرواہی کو قبول کرتے ہوئے مسلمانوں سے معافی مانگیں۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ آج عالم اسلام بالخصوص ایرانی قوم عزادار ہے ہزاروں مسلمان منی میں سعودی حکام کی لاپرواہی اور غفلت کی بنا پر شہید ہوگئے ہیں اور سعودی عرب منی کے المناک واقعہ کے سلسلے میں  اسلامی ،اخلاقی اور قانونی ذمہ داریوں کوادا کرنے میں ناکام رہا ہے۔