مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین حسن روحانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 70 ویں اجلاس سے خطاب میں منی کے المناک واقعہ کا ذمہ دار سعودی عرب کو قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک کی علاقہ میں خطرناک اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے دہشت گردی کو فروغ ملا ہے اور اب امریکہ کو علاقہ میں اپنے اتحادی ممالک کی اور اپنی خطرناک اور غلط پالیسیوں کو ختم کردینا چاہیے۔صدر حسن روحانی نے کہا کہ سعودی حکام کو چاہیے کہ وہ حقائق پر پردہ ڈالنے کے بجائے سچائی کو عوام کے سامنے پیش کریں اور اپنی کوتاہی و لاپرواہی کو قبول کرتے ہوئے مسلمانوں سے معافی مانگیں۔صدر حسن روحانی نے کہا کہ آج عالم اسلام بالخصوص ایرانی قوم عزادار ہے ہزاروں مسلمان منی میں سعودی حکام کی لاپرواہی اور غفلت کی بنا پر شہید ہوگئے ہیں اور سعودی عرب اسلامی ،اخلاقی اور قانونی ذمہ داریوں کوادا کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے افغانستان اورعراق پر امریکہ کی فوجی یلغار کو دہشت گردی کے فروغ کا اصلی سبب قراردیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور خطے میں اس کے اتحادی عرب ممالک کی غلط اور خطرناک پالیسیوں کی وجہ سے علاقائی اور عالمی سطح پر دہشت گردی کو فروغ ملا ہےاور علاقہ میں دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے ضروری ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک اپنی خطرناک پالیسیوں کو ترک کردیں۔ صدر حسن روحانی نے ایران اور گروپ 1+5 کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی کے فتوے کی روشنی میں ایران نے ایٹمی ہتھیار بنانے کی نہ کبھی کوشش کی اور نہ کرےگا اور ایران کی دفاعی پالیسی میں ایٹمی ہتھیاروں کی کوئی گنجائش نہیں ہے ایٹمی معاملے کو بلاوجہ بہانہ بنا کر ایران کے خلاف اقتصادی پابندیاں عائد کی گئيں جو ناکام رہیں۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کی میز پر عقل و منطق و شعور اور معقول دفاع کے علاوہ کوئي اور آپشن نہیں ہے۔صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران عالمی سطح پر امن و صلح کے لئے اپنی تمام کوششیں جاری رکھےگا اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے علاقائی اور عالمی سطح پر اپنا تعاون جاری رکھےگا۔
اجراء کی تاریخ: 29 ستمبر 2015 - 00:47
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین حسن روحانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 70 ویں اجلاس سے خطاب میں منی کے المناک واقعہ کا ذمہ دار سعودی عرب کو قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک کی علاقہ میں خطرناک اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے دہشت گردی کو فروغ ملا ہے اور اب امریکہ کو علاقہ میں اپنے اتحادی ممالک اور اپنی خطرناک پالیسیوں کو ختم کردینا چاہیے۔