اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے آج ایرانی قوم کی عزت ، عظمت و پیشرفت اور ماضی میں ایک سپر طاقت کے سفارتخانہ کی مداخلت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دور ماضی کی طرح نہیں ہے آج کسی بھی سپر طاقت میں ایران کے بارے میں فیصلہ کرنے اور ایرانی قوم پر اپنی مرضی مسلط کرنے کی ہمت نہیں ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے آج سپاہ کے اعلی کمانڈروں کے 21 ویں اجتماع میں ایرانی قوم کی عزت ، عظمت و پیشرفت  اور ماضی میں ایک سپر طاقت کے سفارتخانہ کی مداخلت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دور ماضی کی طرح  نہیں ہے آج کسی بھی سپر طاقت میں ایران کے بارے میں فیصلہ کرنے اور ایرانی قوم پر اپنی مرضی مسلط کرنے کی ہمت نہیں ہے۔

صدر حسن روحانی نے کہا کہ انقلاب اسلامی کی کامیابی اور دفاع مقدس کے دوران سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنی ذمہ داریوں کو حسن و خوبی کے ساتھ پورا کیا ہے اور آج بھی انقلاب اسلامی کی حفاظت اور ملک کی ارضی سالمیت کی ذمہ داری سپاہ اور مسلح افواج کے دوش پر عائد ہے۔

صدر نے کہا کہ ہم نے ماضی میں باہمی اتحاد و اتفاق اور نظم و انسجام کے ساتھ دشمن کو شکست دینے اورعقب نشینی کرنے پر مجبور کیا ہے اور ہم نے اتحاد کے سائے میں ہر میدان میں کامیابی حاصل کی ہے اور باہمی اتحاد و یکجہتی کی بنیاد پر ہمیں ہر میدان میں کامیابی ملےگی۔

صدر حسن روحانی نے کہا کہ حضرت امام خمینی (رہ) نے اسلامی نظام کی حفاظت کو اوجب واجبات قراردیا ہے اور آج اسلامی نظام کی حفاظت سب سے اہم واجب ہے اور انقلاب و نظام کے درمیان فاصلہ پیدا نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ اسلامی جمہوری نظام ، انقلاب اسلامی کی محصول ہے اور انقلاب اپنے دل میں استقلال، آزادی اور جمہوری اسلامی کے نعرے لئے ہوئے ہے۔

انھوں نے کہا کہ حضرت امام خمینی (رہ) نے اسلامی حکومت کی تفسیر اسلامی جمہوری نظام  سے کی ہے اور ان کا نعرہ بھی لا شرقیہ ولا غربیہ ،جمہوریہ اسلامیہ پر مبنی تھا اور آج اس اسلامی نظام کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے جو اوجب واجبات میں سے ہے۔

صدر روحانی  نے کہا کہ ایرانی قوم آج اسلامی جمہوری نظام کی بدولت علم و سائنس و ٹیکنالوجی اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور آج کسی بھی بڑي عالمی طاقت کے اندر ایرانی قوم پر اپنی مرضی مسلط کرنے کی ہمت نہیں ہے اور یہ عزت اور عظمت ہمیں اسلام اور مکتب کربلا کے سائے میں ملی ہے۔