اجراء کی تاریخ: 10 ستمبر 2015 - 11:49

پاکستان کے شہر کراچی میں گزشتہ چند روز میں ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے واقعات میں ایک مرتبہ پھر تیزی آنے کے بعد رینجرز اور پولیس نے بھی کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے 40 سے زائد وہابی دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے شہر کراچی  میں گزشتہ چند روز میں ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے واقعات میں ایک مرتبہ پھر تیزی آنے کے بعد رینجرز اور پولیس نے بھی کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے 40 سے زائد وہابی دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا ہے۔  رینجرز نے بھنگوریہ گوٹھ، یاسین آباد، رحمت کالونی، محمدی کالونی اور اختر کالونی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا، گھر گھر تلاشی کے دوران 24 افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

رینجرز نے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر پرانی سبزی منڈی میں بھی کارروائی کی اور 14 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

دوسری جانب پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے صدر میں ایمپریس مارکیٹ کے قریب واقع اقبال پلازہ کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی لی۔ کارروائی کے دوران 6 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر سی ٹی ڈی سیل منتقل کردیا ہے۔