شام کے صدر بشار اسد نے ایران کے نائب وزير خارجہ کے ساتھ ملاقات میں شام کی بے لوث حمایت کرنے پر اسلامی جمہوریہ ایران کے فعال کردار پر شکریہ ادا کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے سانا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ شام کے صدر بشار اسد نے ایران کے نائب وزير خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ساتھ ملاقات میں شام کی بے لوث حمایت کرنے پر اسلامی جمہوریہ ایران کے فعال کردار پر شکریہ ادا کیا ہے۔اس ملاقات میں شام کے سیاسی بحران کو حل کرنے اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرات کو روکنے کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی نائب وزير خارجہ نے کہا کہ ایران  دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شام کی بھر پورحمایت جاری رکھے گا انھوں نے کہا کہ ایران شامی حکومت اور عوام کی حمایت ، شام کی ارضی سالمیت اور شام میں امن و صلح و ثبات کا خواہاں ہے۔

شام کے صدر نے شامی حکومت اور عوام کی حمایت کرنے پر ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی عوام کو ایران پر مکمل اعتماد اور اطمینان  ہے کیونکہ ایران واحد ملک ہے جو سامراجی اور استعماری طاقتوں کے شوم منصوبوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑا ہے۔