چین نے افغان حکومت اور افغان طالبان کے درمیان تعطل کا شکار ہونے والے مذاکرات میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ چین نے افغان حکومت اور افغان طالبان کے درمیان تعطل کا شکار ہونے والے مذاکرات میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والے امن مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں اور چین ہمیشہ افغانستان کے مصالحتی عمل کی حمایت کرتا رہا ہے جب کہ افغان امن مذاکرات میں پاکستان کا اہم کردار ہے جو قابل تحسین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے سب فریق افغانستان میں دیرپا امن کے لئے کام کرتے رہیں گے جب کہ چین افغانستان میں قیام امن کے لئے تعاون کرنے کو تیار ہے اور سمجھتے ہیں کہ امن مذاکرات ہی افغان مسئلے کا بہترین حل ہے۔

واضح رہے کہ افغان حکومت اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور پاکستان کے شہر مری میں ہوا تاہم افغان طالبان کے رہنما ملا عمر کے انتقال کی خبرمنظرعام پر آنے اور نئے رہنما کے انتخاب کے معاملے پر طالبان کے درمیان دھڑے بندی کے بعد مذاکراتی عمل تعطل کا شکار ہوگیا ہے۔