مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخواہ اور کشمیر کے مختلف شہروں میں زلزے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے باعث لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جب کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.7 ریکارڈ کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اسلام آباد، لاہور اور پشاور سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے جن شہروں میں زلزے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ان میں اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد، مظفرآباد،سرگودھا، بورے والا،سیالکوٹ، گوجرانوالہ، بہاولنگر، وہاڑی،ننکانہ صاحب شامل ہیں جب کہ خیبرپختونخوا کے شہر پشاور، مردان، پارا چنار، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، بٹگرام، بشام، غذر، لوئردیر سمیت گلگت، اسکردو، چترال میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ اسی طرح خیبرایجنسی اور اس کے ملحقہ علاقوں سمیت آزاد کشمیر کے مختلف شہروں اور سری نگر میں بھی شہریوں نے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.7 ریکارڈ کی گئی جب کہ زلزلے کی گہرائی 200 کلو میٹر اور مرکز افغانستان تاجیکستان بارڈر تھا، ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے 30 سیکنڈ تک محسوس کئے گئے۔ ہندوستانی ذرائع کے مطابق زلزلے کے جھٹکے سری نگر اور دہلی میں بھی محسوس کیے گئے ہیں.