مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان میں گجرات کے علاقہ گوٹریالہ پولیس چوکی پر لشکر جھنگوی کےدہشت گردوں نے حملہ کردیا جس کے بعد پولیس کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے گجرات کی گوٹریالہ پولیس چوکی پر حملہ کردیا جس کے بعد پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا اور ضلع بھر سے مزید نفری بھی طلب کی گئی۔ ڈی پی او گجرات رائے ضمیر کا کہنا تھا کہ پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
پولیس کےمطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق لشکر جھنگوی سے ہے جن میں سے ایک کی شناخت ممتاز کے نام سے ہوئی جب کہ ان کے قبضے سے 2 راکٹ لانچر، 3 کلاشنکوف اور 6 ہینڈ گرینیڈ بھی برآمد ہوئے ہیں۔ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کی تعداد 10 تھی جن میں سے باقی حملہ آور فرار ہوگئے ہیں، پولیس نے گلیانہ اور کھاریاں پولیس چوکی کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور اس طرف آنے والے تمام راستوں کو سیل کرکے چیکنگ بھی شروع کردی گئی ہے۔