آسٹریلوی حکومت نے بلیوں کے خلاف اعلان جنگ کردیا ہے جس کے تحت آئندہ 5 سالوں میں لاکھوں بلیوں کو ختم کیا جائے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہٓسٹریلوی حکومت نے بلیوں کے خلاف اعلان جنگ کردیا ہے جس کے تحت آئندہ 5 سالوں میں لاکھوں بلیوں کو ختم کیا جائے گا۔ آسٹریلیا کے وزیرماحولیات گریگ ہنٹ نے بلیوں کے خلاف اعلانِ جنگ کرتے ہوئے میلبورن کے چڑیا گھر میں 5 سالہ حکومتی منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 2020 تک 20 لاکھ مقامی بلیوں کو مارا جائے گا تاکہ ملک کے مقامی ممالیہ ( دودھ پلانے والے جانور) اورپرندوں کا تحفظ کیا جاسکے۔ وزیرماحولیات کا کہنا تھا کہ بلیاں چھوٹے چوہوں اور جانداروں کا بھی شکار کررہی ہیں جو ماحول اور زراعت کے لیے مفید ہیں اس کے علاوہ لگ بھگ 120 نایاب جانوروں کو براہِ راست یا غیر مستقیم  ان بلیوں سے خطرات لاحق ہیں کیونکہ وہ ان کی خوراک بھی ختم کررہی ہیں۔ منصوبے کے تحت سال 2020 تک 5 نئے جزائر اور ملک کے 10 مختلف علاقوں میں 20 لاکھ بلیوں کو ختم کرکے ایک کروڑ ہیکٹرزمین کو بچایا جائے گا۔ آسٹریلیا نے ان بلیوں کو قدرتی ماحول کے لیے خطرہ قرار دیا ہے اور ان کے خاتمے پر ملک کے تمام اداروں اور صوبوں نے بھی اتفاق کیا ہے جسے کے تحت انہیں زہرخورانی اور فائرنگ سے مارا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق 20 لاکھ بلیاں روزانہ لاکھوں مقامی جانوروں کو ہلاک کررہی ہیں اور اس کے مقامی جاندار بہت تیزی سے ختم ہورہے ہیں جن میں پرندے بھی شامل ہیں۔