10 اکتوبر، 2017، 11:10 PM

کاتالونیا کے صدر نے آزادی کے حوالے سے اعلان مؤخر کردیا

کاتالونیا کے صدر نے آزادی کے حوالے سے اعلان مؤخر کردیا

اسپین کی ریاست کاتالونیا کے صدر کارلس پیوگ ڈی مونٹ نے آزادی کے حوالے سے اہم اعلان کو چند ہفتوں کے لیے مؤخر کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی اینڈپینڈٹ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اسپین کی ریاست کاتالونیا کے صدر کارلس پیوگ ڈی مونٹ نے آزادی کے حوالے سے اہم اعلان کو چند ہفتوں کے لیے مؤخر کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق کاتالونیا کی پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں توقع کی جارہی تھی کہ صدر کارلس پیوگ ڈی مونٹ اسپین سے آزادی کا اعلان کردیں گے تاہم انہوں نے اس اعلان کو مؤخر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہسپانوی حکومت کو مذاکرات کا ایک اور موقع دینا چاہتے ہیں۔ پارلیمنٹ سے اپنے خطاب کے دوران ڈی مونٹ نے کہا کہ ریفرنڈم کے نتائج کے مطابق وہ کاتالونیا کی آزادی کا اعلان کرنے کے پابند ہیں تاہم وہ اس بحران کا حل بات چیت کے ذریعہ نکالنا چاہتے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ اس معاملے میں بین الاقوامی ثالثی میں کوئی فیصلہ ہو، لہٰذا وہ اسپین کی حکومت کو مذاکرات شروع کرنے کا ایک اور موقع دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ فی الحال آزاد اور خودمختار کاتالونیا ریاست کا باضابطہ اعلان نہیں کررہے اور مذاکرات کی حمایت کرکے ذمہ داری کا مظاہرہ کررہے ہیں۔اس سے قبل پارلیمنٹ کا اجلاس 2 گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا اور اس دوران یہ خبریں سامنے آئیں کہ کاتالونیا اور اسپین کے حکام کے درمیان رابطہ ہوا ہے جس کی وجہ سے تاخیر ہورہی ہے تاہم ہسپانوی حکومت کے ترجمان نے فوری طور پر ان خبروں کو مسترد کیا اور کہا کہ اس معاملے پر کاتالونیا کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہورہی اور نہ ہوگی۔

News ID 1875863

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha