حزب اللہ لبنان نے آج ایک بیان میں بیروت میں حالیہ واقعات کے بارے میں سنجیدہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

مہرخبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ حزب اللہ لبنان نے آج ایک بیان میں بیروت میں حالیہ واقعات کے بارے میں سنجیدہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے لبنانی فوج سے ملاقات میں اس امید کا اظہار کیا ہے کہ فوج حالیہ واقعات کے بارے میں سنجیدہ اور غیر جانبدار تحقیقات کرکے عوام پر فائرنگ کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دے ۔لبنای فوج کے سربراہ مائیکل عون نے کل رات حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ سے ملاقات کی اور بیروت میں پر امن مظاہرے پر ہونے والی فائرنگ میں شہید ہونے والے افراد کی شہادت پر تعزیت پیش کی ۔ مائیکل عون نے کہا کہ فوج نے اس سلسلے میں وسیع پیمانے پر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور تحقیقات کے نتائج کو سب پر واضح کردیا جائے گا اور اس میں ملوث افراد کو مشخص کیا جائے گا۔بیروت میں بجلی کی قلت کے سلسلے میں ہونے والے مظاہرے پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 10 افراد شہید ہوگئے تھے ۔