شام کے شہر طرطوس میں تکفیری دہشت گردوں کے مظالم کے بعد شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے کہا ہے کہ شام پر قبضے کے بعد تکفیری دہشت گرد گروہوں نے عوام پر ظلم و ستم شروع کیا ہے۔

مختلف شہروں میں عوام پر سابق صدر بشار الاسد کی حمایت کے الزامات کے تحت مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق طرطوس شہر کے شہریوں نے اپنے گھروں اور املاک پر تکفیری مسلح دہشت گردوں کی ڈکیتیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے ہیں۔

شام کے ایک باخبر ذریعے نے المعلومہ کو بتایا کہ ہیئت تحریر الشام سے وابستہ دہشت گردوں نے گزشتہ دنوں طرطوس اور دیگر شہروں میں علوی کمیونٹی کے 100 سے زائد گھروں کو لوٹ لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں چھ قتل، دس اغوا، اور متعدد گھروں میں لوٹ مار کے واقعات پیش آئے ہیں جو ملک میں جاری عدم تحفظ کی عکاسی کرتی ہیں۔ دن کے وقت حالات نسبتا مستحکم رہتے ہیں لیکن رات کے وقت دہشت گرد گروہ سڑکوں پر گشت کرتے ہوئے جو کچھ بھی ملے، اسے لوٹ لیتے ہیں۔

اس سے پہلے بھی عرب میڈیا نے شام کے مختلف علاقوں میں داعش کے عناصر کی سرگرمیوں کی اطلاع دی تھی۔