شام میں تکفیری دہشت گردوں نے حمص کی جانب مبینہ پیشقدمی شروع کی ہے، شامی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے جنگی تیکنیک کے تحت عقب نشینی کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، شامی وزیردفاع علی محمود عباس نے کہا کہ فوج نے حمص میں جنگی تیکنیک کے تحت عقب نشینی کی ہے۔

اس سے پہلے سعودی چینل العربیہ نے کہا تھا کہ تحریر الشام اور دیگر تکفیری تنظیموں نے حماہ پر قبضے کے بعد حمص کی جانب پیشقدمی شروع کی ہے۔

شامی وزیردفاع نے کہا ہے کہ تکفیری دہشت گردوں کو علاقائی اور عالمی ممالک کی حمایت حاصل ہے اس لئے جدید ترین ہتھیار استعمال کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شامی فوج میدان جنگ میں برتری قائم کی ہوئی ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کے دوران عام شہریوں کی بھی حفاظت کا حتی الامکان خیال رکھا جارہا ہے۔ شامی فوج عوام اور اپنے اتحادیوں کی مدد سے اس جنگ میں کامیاب ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ دشمن آشوب برپا کرنے کے لئے پروپیگنڈا، جھوٹ اور جعلی خبروں کا سہارا لے رہے ہیں۔ مصنوعی ذہانت کے ذریعے جعلی ویڈیو بنائی جارہی ہیں۔

وزیردفاع نے مزید کہا کہ شامی عوام مطمئن رہیں کہ فوج دہشت گردوں کا قلع قمع کرکے شہروں میں دوبارہ امن قائم کرے گی۔ شامی فوج اپنے وعدے پر عمل کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر ملک کی حفاظت کرے گی۔