مہر خبررساں ایجنسی نے ایرنا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ کراچی میں 12ویں پاکستان بین الاقوامی ہتھیاروں کی نمائش "آئیڈیاز 2024" میں، خواجہ محمد آصف نے نمائش کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ایران کی مسلح افواج کے پویلین کے دورے میں سندھ کے گورنر محمد کامران خان ٹیسوری بھی انکے ہمراہ تھے۔
ایرانی پویلین پر ان کا استقبال ایران کے فوجی وفد کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل مجتبیٰ رمضان زادہ، پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم، کراچی میں ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان اور پاکستان میں ایران کے ملٹری اتاشی کرنل محمد محسن شہابی نے کیا۔
پاکستان کے وزیر دفاع نے ایران اور پاکستان کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور سماجی روابط پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایران کی فوجی کامیابیوں اور دفاعی شعبے میں پیشرفت پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں اور مل کر دفاعی میدان میں مزید کامیابیاں حاصل کریں گے۔
پاکستان کے وزیر دفاع نے پاک ایران تعلقات کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ مہینوں میں دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطحی وفود کا تبادلہ ہوا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
اسلحے اور دفاعی صنعت کی سب سے بڑی نمائش کی افتتاحی تقریب پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور شریک وفود کے سربراہان کی موجودگی میں کراچی کے Expo سینٹر میں منعقد ہوئی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کا وفد بریگیڈیئر جنرل مجتبیٰ رمضان زادہ کی سربراہی میں پاکستان میں ایران کے سفیر اور کراچی میں ایرانی قونصل جنرل کے ہمراہ اس بین الاقوامی تقریب میں شریک ہے۔