صیہونی حکومت کی ریزرو فورس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے غزہ-لبنان جنگ میں اس رجیم کی گولانی اسپیشل بریگیڈ کی ہلاکتوں کو غیر معمولی قرار دیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین ٹی وی چینل کے حوالے سے خبر دی ہے کہ صہیونی چینل 12 نے گولانی بریگیڈ کی 51ویں بٹالین کے دستوں کے ساتھ دو روز قبل پیش آنے والے ایک سنگین واقعے کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اس بٹالین کے پیادہ دستوں پر حزب اللہ کی جانب سے گھات لگا کر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے 6 فوجی موقع پر ہلاک جب کہ ایک زخمی ہو گیا۔

صیہونی فوج کی خصوصی بریگیڈ کی ہلاکتوں کا ذکر کرتے ہوئے ریزرو فورس کے سابق ڈپٹی کمانڈر یوالی نے کہا: اس بریگیڈ کے آغاز سے اب تک یہ ہلاکتیں غیر معمولی ہیں کہ اس کے نصف اہلکار ہلاک ہوئے ہیں جن میں 22 بریگیڈ کمانڈرز اور 37 لائن آفیسر شامل ہیں۔

دوسری طرف صیہونی ذرائع ابلاغ نے اعتراف کیا ہے کہ گولانی بریگیڈ گذشتہ سال غزہ کی پٹی اور اب لبنان میں مزاحمت کے ہاتھوں بھاری جانی نقصان اٹھا چکی ہے اور اس کے فوجیوں کی غیر معمولی تعداد ہلاک ہو چکی ہے۔