ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ملک کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں نجی شعبے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار ایرانی بندرگاہوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ترقی اور سڑکوں کی وزارت کے عہدیداروں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران ملک کے ٹرانسپورٹیشن انفراسٹرکچر اور علاقائی راہداریوں کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا۔ 

اس ملاقات میں شہری ترقی کی وزیر فرزانہ صادق نے روس کے ساتھ ایران کے جاری مذاکرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ماسکو کے ساتھ نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے اور علاقائی راہداریوں سے متعلق تازہ ترین معاہدوں اور تعاون کی دستاویزات کی رپورٹ پیش کی۔ 

اس دوران صدر پزشکیان نے جمہوریہ آذربائیجان کے ساتھ سرحدی راہداری پر عمل درآمد کو تیز کرنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی شمالی جنوبی کوریڈور کی تعمیر کو حتمی شکل دینے پر بھی زور دیا۔ 

 انہوں نے ہمسایہ ملک کے اپنے حالیہ دورے کے دوران عراق کے اشتراک سے شلمچہ-بصرہ ریل روڈ کی تکمیل کو تیز کرنے کے حوالے سے طے پانے والے معاہدوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ راستہ ہمارے لیے بہت اہم ہے اور عراقی حکام بھی اس پر عمل درآمد تیز کرنے پر زور دیتے ہیں۔لہذا ہمیں منصوبے کی تکمیل کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اپنی کوششوں کو تیز کرنا چاہیے۔