لندن میں واقع ایرانی سفارت خانے نے چمران 1 سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ دھمکی آمیز لہجے کے بجائے احترام کے ساتھ بات کی جائے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لندن میں ایرانی سفارت خانے کی جانب سے گذشتہ روز ایرانی سیٹلائٹ چمران 1 کی کامیاب لانچنگ کا خیر مقدم کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ خلائی ٹیکنالوجی میں ملک کے انجنئیروں نے اہم کارنامہ انجام دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک وقت ایسا تھا جب ایران دفاعی شعبے میں کمزور تھا اور دوسروں سے دفاعی آلات اور ہتھیار خریدنے پر مجبور تھا۔ آج ایران دفاعی شعبے میں خودکفیل ہوگیا ہے۔

سفارت خانے نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ وسیع پابندیوں کے باوجود ایران جدید ترین راکٹ تیار کررہا ہے۔ یہ وقت پابندیوں کی دھمکی کے ذریعے مرعوب کرنے کا نہیں بلکہ باہمی احترام کے ساتھ مذاکرات کرنے کا ہے۔

یاد ہے کہ ایران نے ہفتے کی صبح تحقیقاتی سیٹلائٹ چمران 1 کو کامیابی کے ساتھ مدار میں بھیج دیا تھا جو زمین سے 550 کلومیٹر دور فضا میں موجود ہے۔ سیٹلائٹ نے ابتدائی ڈیٹا بھیجنا شروع کیا ہے۔

یہ سیٹلائٹ وزارت دفاع کے ذیلی ادارے ایران الیکٹرانکس انڈسٹریز (سائران) کے خلائی ڈویژن کے ایرانی انجینئرز نے ڈیزائن اور بنایا تھا۔ سیٹلائٹ کو بنانے میں ایرو اسپیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (اے آر آئی) کے ماہرین اور مقامی کمپنیوں کا تعاون بھی شامل تھا۔