فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) نے چند دنوں کی مشاورت کے بعد بالآخر یحییٰ السنوار کو اپنے نئے پولیٹیکل بیورو کا سربراہ منتخب کر لیا۔

مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے منگل کے روز ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ شہید اسماعیل ہنیہ کی جگہ یحییٰ سنوار کو تحریک کے پولیٹیکل بیورو کا نیا سربراہ منتخب کیا گیا ہے۔

یحییٰ السنوار ایک فلسطینی فوجی کمانڈر ہیں جو غزہ میں فلسطینی اسلامی مزاحمتی تحریک کے آغاز سے ہی حماس کے عسکری ونگ شہید عز الدین القسام بریگیڈ میں شامل ہوئے تھے اور اب اس کے رہنماؤں میں سے ایک ہیں۔

کمانڈو آپریشنز میں اپنے کردار کی وجہ سے السنوار کا شمار غاصب صیہونی حکومت کو انتہائی مطلوب افراد میں ہوتا ہے۔

پیدائش

یحییٰ ابراہیم حسن السنوار 16 ستمبر 1975 ء کو جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر خان یونس کے ایک پناہ گزین کیمپ میں پیدا ہوئے۔ اپنے آبائی شہر ماجد عسقلان سے ہجرت کرنے کے بعد ان کے خاندان نے 1948 میں خان یونس میں پناہ لی۔

تعلیم

انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم اقوام متحدہ کے ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزینوں (یو این آر ڈبلیو اے) سے وابستہ اسکولوں میں حاصل کی۔ کم عمری میں یحییٰ اپنے بڑے بھائی محمد سے متاثر ہوئے جو حماس کے ممتاز رہنما اور غزہ میں اس کے پولیٹیکل بیورو کے سربراہ اور مساجد کے متولیوں میں سے ایک تھے اور 14 دسمبر 1987 کو حماس تحریک کے قیام کے وقت اس میں شامل ہونے والے پہلے افراد میں سے تھے۔

عہدے اور ذمہ داریاں

 1987-1993 کے عظیم انتفاضہ کے دوران غاصب صیہونی حکومت کے قبضے کے خلاف مزاحمت کے دوران جدوجہد کرنے والے اہم رہنماؤں میں سے تھے۔

یحییٰ السنوار حماس کے عسکری ونگ عز الدین القسام بریگیڈ میں شامل ہونے والے پہلے افراد میں سے ایک تھے اور 2005 میں انہوں نے خان یونس بریگیڈ کے کمانڈر کا عہدہ سنبھالا۔

اس کے بعد سنوار القسام بریگیڈ کے "ہیڈ کوارٹر" کے ایک نمایاں اور اہم رکن بن گئے اور حماس کے کمانڈر انچیف یحیی الضیف اور ان کے نائب مروان عیسیٰ کے بہت قریب ساتھیوں میں سے ہیں یہ تین شخصیات غاصب صیہونی حکومت کو انتہائی مطلوب ہیں۔

فوجی تجربات

یحییٰ السنوار نے ایک غیر معمولی اور خفیہ زندگی بسر کی، لہذا غزہ کے زیادہ تر باشندوں نے ابھی تک انہیں نہیں دیکھا ہیں۔ صیہونی حکومت کے دہشت گرد حملے سے بچنے کے لیے السنوار مخفیانہ زندگی بسر کررہے ہیں اور گزشتہ دو دہائیوں کے دوران چھ ناکام قتل سے بچ چکے ہیں۔

سنہ 2005 میں ریکارڈ کی گئی فلم میں آخری بار منظر عام پر آنے کے بعد یحییٰ السنوار ایک بار پھر منظر عام سے غائب ہو گئے تھے لیکن وہ جمعہ 27 مئی 2022 کی شام الجزیرہ پر نشر ہونے والے پروگرام 'ما خفی اعظم' میں نظر آئے تھے۔

صیہونی یحییٰ السنوار کو بہت سے کمانڈو آپریشنز کا ماسٹر مائنڈ سمجھا جاتا ہے، خاص طور پر "ٹنل بم آپریشن" کے نام سے معروف آپریشن جس نے پانچ سال تک صیہونی حکومت کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

یحیی سنوار کا نام رفح کے مشرق میں صہیونی فوجی سایٹ پر ہونے والے حملے میں زبان زد عام ہوا۔ وہ یرغمال ہونے والے صہیونی فوجی گلعاد شالیط کے بدلے فلسطینیوں کی رہائی کے معاہدے کے معمار سمجھے جاتے ہیں۔ وہ معتقد ہیں کہ صہیونی جیلوں میں قید 5 ہزار فلسطینیوں کی رہائی قیدیوں کے تبادلے کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے الجزیرہ ٹی وی کے دفتر میں حاضری کے دوران انکشاف کیا کہ القسام بریگیڈ کی توجہ صہیونی فوجیوں کو گرفتار کرکے اغوا کرنے پر مرکوز ہے۔

 قابل ذکر ہے کہ یحییٰ سنوار نے صیہونی حکومت کو گلاد شالٹ نامی ایک صیہونی فوجی کی رہائی کے بدلے ایک ہزار فلسطینی قیدیوں کو رہا کرنے پر مجبور کیا گیا تھا۔